الرجی کی وجہ سے آنکھوں سے نکلنے والا پانی پاک ہے یا نا پاک؟
ریفرینس نمبر: 66
تاریخ اجراء:23 شوال المکرَّم 1445 ھ بمطابق 02 مئی 2024 ء
مجیب: ابو ثوبان محمد خاقان قادرى عفى عنه
شعبہ الافتاء و التحقیق
(جامعہ عطر العلوم)
سوال
کسی کو پھول وغیرہ کی خوشبو سے الرجی ہو ، پھول سونگھنے کی وجہ سے اُسے چھینکیں آنا شروع ہو گئیں اور اُس کی آنکھوں سے پانی بہنا شروع ہو گیا . وہ پانی پاک ہے یا ناپاک ؟
جواب
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں آنکھوں سے نکلنے والا پانی پاک ہے ۔ اس مسئلے کی تفصیل یہ ہے کہ الرجی دو طرح کی ہوتی ہے :
(1) آنکھ میں کوئی بیماری ہومثلاً دانے بنے ہیں یا کوئی زخم وغیرہ ہو، تو اس وجہ سے جو پانی آئے گا ، وہ ناپاک ہو گا اوراس کے بہنے سے وضوبھی ٹوٹ جائے گا۔
(2) دھول مٹی یا دھوئیں وغیرہ سے الرجی ہو اور اس وجہ سے آنکھوں میں پانی آجائے ،تو یہ پانی ناپاک نہیں ہو گا کہ یہ مٹی وغیرہ کے لگنے کی وجہ سے آ رہا ہے ۔
پوچھی گئی صورت میں خوشبو وغیرہ سے الرجی کے باعث چھینکیں آنے کی وجہ سے جو آنکھوں سے نکلنے والا پانی بھی اس دوسری قسم کے ساتھ تعلق رکھتا ہے کہ وہ آنکھوں کی کسی بیماری کی وجہ سے نہیں آرہا، بلکہ مسلسل چھینکیں آنے کے سبب آرہا ہے، لہٰذا وہ پانی پاک ہے ۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

