روزے میں وِکس بام استعمال کرنا

روزے میں وِکس بام استعمال کرنا

ریفرینس نمبر: 31

تاریخ اجراء:01 رمضان المبارک 1445 ھ بمطابق 12 مارچ 2024ء

مجیب: ابو ثوبان محمد خاقان قادرى عفى عنه

شعبہ الافتاء و التحقیق

(جامعہ عطر العلوم)

سوال

کیا  روزے کی حالت میں وِکس (Vicks)/ بام استعمال کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

روزے  کی  حالت میں وِ کس(Vicks) / بام استعمال کرنے کی صورت میں روزہ ٹوٹنے  / نہ ٹوٹنے کی مختلف صورتیں ہو سکتی ہیں:

(۱) اگرروزہ دار ہونا یاد تھا اور  وِکس (Vicks)/بام ناک کے نتھنوں کے اندر لگائی ، تو روزہ ٹوٹ جائے گا، اس وجہ سے کہ و یہ  ایک قسم کا کیمیکل ہے ،اسے جب ناک کے نتھنوں کے اندر لگاتے ہیں تو کیمیکل کے باریک اجزاء  دماغ تک پہنچ جاتے ہیں یا حلق کے راستے سے اندر چلے جاتے ہیں، لہذا حالتِ روزہ میں ناک کے نتھنوں کے اندر وِکس لگانے سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔

(۲) ناک کے اوپربیرونی حصے پر، پیشانی یا گلےپر وِکس (Vicks)/ بام لگانے کی وجہ سے روزہ نہیں ٹوٹے گا، اسی طرح ناک کے نتھنوں میں لگائے بغیر صرف اسے سونگھنے سے بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا ، کہ اس صورت میں اس کے اجزاء حلق کی طرف نہیں جاتے اور اس کا حکم خوشبو سونگھنے کی طرح ہو گا ، جس طرح خوشبو سونگھنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ، اسے سونگھنے سے بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا۔

یونہی ناک کے نتھنوں میں لگائے بغیر صرف وِکس (Vicks)/ بام کو سونگھنے سے بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا ، کہ اس صورت میں اس کے اجزاء حلق یادماغ کی طرف نہیں جاتے اور اس کا حکم خوشبو سونگھنے کی طرح ہو گا۔

(٣) حالتِ روزہ میں   وِکس (Vicks)/ بام کی  بھاپ لینے سے روزہ ٹوٹ جائے گا، جبکہ روزہ دار ہونا یاد ہو۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم