روزے میں انہیلر استعمال کرنا کیسا؟

روزے میں انہیلر استعمال کرنا کیسا ؟

ریفرینس نمبر: 34

تاریخ اجراء:04 رمضان المبارک 1445 ھ بمطابق 15 مارچ 2024 ء

مجیب: ابو ثوبان محمد خاقان قادرى عفى عنه

شعبہ الافتاء و التحقیق

(جامعہ عطر العلوم)

سوال

دمے وغیرہ کے مریض کہ جنہیں سانس کی پرابلم ہوتی ہے ، انہیں انہیلر استعمال کرنا پڑتا ہے ، سوال یہ ہے کہ روزے کی حالت میں انہیلر استعمال کرنے کا کیا حکم ہے؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

روزے کی حالت میں انہیلر استعمال کرنے سے روزہ ٹوٹ جائے گا ، اس وجہ سے کہ انہیلر میں مائع (لیکویڈ) کی صورت میں دوا موجود ہوتی ہے ، جو مریض کے منہ کے ذریعے حلق سے نیچے اتر جاتی ہے اور ظاہری بات ہے کہ روزے کی حالت میں منہ کے ذریعے کوئی چیز اندر لے جانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ، اگرچہ وہ تھوڑی سی مقدار میں ہو ، لہٰذا حالتِ روزہ میں انہیلر استعمال کرنے سے روزہ ٹوٹ جائے گا ۔

اب اگر کسی کو ایسا شدید مرض ہو کہ دن میں انہیلر استعمال کرنا ہی پڑے گا ، اس کے بغیر کوئی چارہ کار ہی نہیں ، تو ایسی صورت میں فی الحال روزہ چھوڑنے کی اجازت ہو گی ، جب اتنا افاقہ ہو کہ بغیر انہیلر کا استعمال کئے روزہ رکھ سکے ، تو اتنے روزوں کی قضا کرنی ہو گی اور اگر قضا کا موقع ہی نہ ملے اور وفات کا وقت قریب آجائے ، تو روزوں کے فدیہ کی وصیت کرنی ہو گی یا شیخ فانی ہو جائے یعنی ایسے بڑھاپے کو پہنچ جائے کہ اب بڑی عمر ہونے کی وجہ سے روزہ رکھنے کی طاقت نہ رہے اور نہ آئندہ طاقت آنے کی امید ہو ، تو اب روزوں کا فدیہ ادا کرنے کا حکم ہو گا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم