جمعہ کے دن فوت ہونے والا عذابِ قبر سے محفوظ؟

جمعہ کے دن فوت ہونے والا عذابِ قبر سے محفوظ

تاریخ اجراء:28 ذوالحجۃ الحرام 1445ھ بمطابق 05 جولائی 2024ء

مجیب: ابو ثوبان محمد خاقان قادرى عفى عنه

محتصر شرعی مسائل

(جامعہ عطر العلوم)

سوال

جمعہ کے دن فوت ہونے والے کو عذاب قبر نہیں ہو گا ؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

جی ہاں! اللہ تعالیٰ کی رحمت سے جمعہ کے دن یا شبِ جمعہ فوت ہونے والے مسلمان کو عذابِ قبر نہیں ہو  گا  کہ متعدد طرق  سے مختلف الفاظ کے ساتھ یہ  حدیث مبارک مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو مسلمان جمعہ یا شب جمعہ میں فوت ہو، اللہ عزوجل اسے فتنۂ قبرسے محفوظ رکھے گا۔                                                                                    (جامع ترمذی، حدیث نمبر : 1076) (مسند احمد ، حدیث نمبر : 7070) اس حدیث مبارکہ کے تحت محدثین کرام فرماتے ہیں، فتنہ قبر سے سوالات اور عذابِ قبر مراد ہے۔   (مرقاۃ المفاتیح، کتاب الصلوۃ، باب الجمعۃ، جلد 3، صفحہ 415، مطبوعہ کوئٹہ) نوٹ : اگر اس بارے میں منقول روایات من حیث الانفراد ضعیف بھی ہوں ، تب بھی ان سے استدلال درست ہے: (1) اولاً مجموعی طور پر تعددِ طرق کی وجہ ان کا مرتبہ ضعیف نہیں رہتا ، بلکہ حَسَن (لغیرہ) بن جاتا ہے ۔ (2) ثانیاً اس کا تعلق فضائل سے ہے اور باتفاقِ محدثین بابِ فضائل میں ضعیف حدیث بھی حجت ہوتی ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم